ملکی ادارے شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو چکے آئی ایس او فیصل آباد

0
109

ملکی ادارے شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو چکے آئی ایس او فیصل آباد

فیصل آباد (سلطان نیوز ) بلوچستان میں یکے بعد دیگرے چار دہشت گردی کے بدترین واقعات کے رد عمل پہ ترجمان آئی ایس او پاکستان فیصل آباد ڈویژن کے برادر وقاص ہادی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک میں امن کے دوام میں مکمل طور پہ ناکام ہو چکے ہیں ۔
انکا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ہماری خفیہ ایجنسیاں دنیا میں سب سے برتر گردانی جانتی ہیں جبکہ ہم ایٹمی پاور بھی ہیں اس سب کا کیا فائدہ اگر اس سب کے باوجود بھی ہم ملک میں ہی امن و امان کو قائم نا کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں نیشنل ایکشن پلان پہ اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جاتا اور رمضان مینگل سمیت دیگر دہشت گردوں کو حکومتی سرپرستی میں رہا نا کیا جاتا بلکہ قرار واقعی سزا دی جاتی تو  ممکن ہی نہیں تھا کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر دوبارہ جنم لیتی۔
مزید ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس قدر امن امان کی خراب صورتحال ہے کہ دن دیہاڑے بسوں سے مسافروں کو اتار کر شناختی کارڈ پہ نام دیکھ کر شہید کر دیا جاتا ہے اور قاتل  آرام سے فرار  بھی ہو جاتے ہیں یاد رہے اس طرح کا قتل عام کا طریقہ پہلے بھی مخصوص مذہبی شناخت رکھنے والے افراد کے ساتھ کیا گیا ہے۔ اس سب کے بعد بھی حکومتی و سیکیورٹی اداروں کے کان تک جوں تک نہیں رینگی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اپوزیشن میں رہ کر جو مطالبات کرتا تھا آج تمام قوم ان سے وہی مطالبات کر رہی ہے اس لئے فوری طور پہ دہشتگردی کے ان عناصر کا قلع قمع کیا جائے اور دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کو بجائے حفاظتی حصار میں لینے کے حکومت انہیں کیفر کردار تک پہنچائے ورنہ اس حکومت کا انجام گزشتہ حکومتوں سے بدترین ہو گا ۔