خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اہم پیغام،

0
84

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام،

راولپنڈی (سلطان نیوز ) : آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی خواتین کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا اور معاشرے میں ان کے کردار کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے خواتین کے عالمی دن پر خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مسلح افواج میں خواتین اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، شہدا کےاہل خانہ سے تعلق رکھنے والی خواتین کا بہت بڑا کردار ہے اور پاکستان کی عظیم خواتین بھرپورذمہ داری سے ملک کی ترقی میں پیش پیش ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یونیفارم میں خواتین مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ مسلح افواج کے آئی ٹی،انجینئرنگ، کمیونیکشن ، قانون اورآئی ایس پی آرکا حصہ ہیں، انہوں نے پیرا جمپزکر کے بھی تاریخ رقم کی اور مسلح افواج میں رہ کرخواتین وطن کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کی تصویر بھی شئیر کی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں محترمہ فاطمہ جناح کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جو تحریک آزادی کے دوران ہر قسم کے حالات میں قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملک کی ترقی میں خواتین اپنا کردار ادا کریں۔