امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی، مکمل تفصیلات جاری جانیے اس لنک میں

0
27

امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، وہ پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی. امریکا کی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلزغیرملکی ایئرلائن کی پرواز سے دوحا کے راستے آج صبح اسلام آباد پہنچیں. ایلس ویلز ایک روزہ دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرخزانہ اسد عمر سے ملاقاتیں کریں گی، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے.
واضح رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایلس ویلز اپنے دورے کے دوران وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی. ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب و وسطی ایشیا اور سفیر ایلِس ویلز وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی.
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایلس ویلز کا دورہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکا کے سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں ہوگا، جو امریکا کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت سے تعلقات قائم کرنے کی کڑی کا حصہ ہے.شاہ محمود قریشی کی امریکی سیکورٹی ایڈوائزر جان بولٹن اور مائیک پومپیو سے ملاقات میں افغانستان کے امور زیر بحث آئے تھے.ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر کے دورے کا مقصد وزیر خارجہ اور امریکی سیکرٹری خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے ہونے والی بات چیت پر پیش رفت ہے.
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے اکتوبر میں مائیک پومپیو کی دعوت پر واشنگٹن کا دورہ کیا تھا. اس سے قبل ستمبر میں مائیک پومپیو نے پاکستان تحریک انصاف کی نومنتخب حکومت سے بات چیت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا.واضح رہے کہ 4ماہ قبل جب ایلس ویلز پاکستان کے دورے پر آئی تھیں تو انہوں نے عسکری قیادت سے بھی ملاقات کی تھی. یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایلس ویلز کا یہ دورہ ایک ایسے وقت ہونے جارہا ہے جب وزیر اعظم عمران خان چین کے ساتھ اہم اور تاریخی معاہدے کر کے پاکستان واپس پہنچے ہیں. باور کیا جاتا ہے کہ ان کے دورہ پاکستان کا اصل مقصد افغانستان سے متعلق سفارتی کوششوں کے حوالے سے ہے.